• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس سال صحافیوں کیلئے نئے منصوبے لائیں گے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کا آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر کہنا ہے کہ اس سال صحافیوں خصوصاً نوجوان صحافیوں کے لیے نئے منصوبے لائیں گے۔

فواد چوہدری کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں آزادی صحافت کے عالمی دن پر فرائض کی ادائیگی میں جان دینے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شعبہ صحافت کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہداء صحافت نے سچ اور اس عظیم پیشہ کے وقارکو برقرار رکھنے کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کوویڈ 19 کی آگاہی پھیلانے والے صحافیوں کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں، صحافی وباء سے بچنے، ایس او پیز اور حفاظتی اقدامات پر عمل کے لیے باقاعدہ مہم چلا رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سچ بولنا تاریخ کا سب سے مشکل کام ہے،  دنیا بھر میں صحافیوں نے جان پر کھیل کر سچ بولنے کا فرض ادا کیا ہے، ‏مقبوضہ کشمیر، فلسطین اور دیگر علاقوں کے صحافی سچ لکھنے کے لیے روزانہ کرب سے گزرتے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نئی میڈیا ٹیکنالوجیز کو متعارف کرانا بھی ہمارا ایجنڈا ہے، حکومت پاکستان آزاد اور ذمہ دار صحافت کو ترویج دینے کے لیے کوشاں ہے۔

فواد چوہدری نے کہا ہے کہ یقین دلاتا ہوں کہ حکومت پاکستان آزاد اور ذمہ دار میڈیا کے فروغ کے لیے کوشاں رہے گی، حکومت ورکنگ جرنلسٹس کے تحفظ اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سہولیات فراہم کرتی رہے گی۔

تازہ ترین