• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علیحدگی سے دنیا حیران، ازدواجی زندگی میں کشیدگی سامنے آئی نہ طلاق کی تفصیلات

کراچی (نیوز ڈیسک) مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملنڈا گیٹس نے باہمی رضامندی سے اپنی 27 سالہ شادی کو ختم کرنے کے اعلان سے دنیا کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔ دونوں نے 4 مئی کو اپنی ٹوئٹس میں تصدیق کی کہ دونوں نے مشترکہ طور پر 27 سالہ شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ازدواجی زندگی میں بل اور ملنڈا گیٹس کے درمیان کبھی بھی کشیدہ تعلقات کی خبریں سامنے نہیں آئیں، طلاق کی تفصیلات بھی سامنے نہیں آئی ہیں ۔ بل اور ان کی اہلیہ ملنڈا گیٹس کی جوڑی کا شمار دنیا کی وفادار اور رومانوی ترین جوڑیوں میں ہوتا رہا اور دونوں نے مجموعی طور پر ایک دوسرے کے ساتھ 34 برس گزارے۔دونوں کی شادی 1994ء میں ہوئی، دونوں نے اپنے ٹوئٹس میں بتایا کہ کئی سال تک ایک ساتھ زندگی گزارنے کے بعد اب انہیں احساس ہونے لگا ہے کہ اب وہ شادی شدہ جوڑے کی صورت میں مزید آگے نہیں چل سکتے اور نہ ہی ترقی کرسکتے ہیں۔ دونوں نے ٹوئٹس میں تصدیق کی کہ اگرچہ انہوں نے شادی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم وہ مشترکہ طور پر اپنے تمام کاروباری اور فلاحی منصوبے چلائیں گے۔ فرانسیسی نسل سے تعلق رکھنے والی ملنڈا گیٹس امریکا میں ہی پیدا ہوئی ہیں اور انہوں نے 1986 میں بل گیٹس کی سافٹ ویئر کمپنی مائیکرو سافٹ میں پروڈکٹ منیجر کی ملازمت شروع کی تھی اور ملازمت کے ایک سال بعد دونوں میں رومانوی تعلقات استوار ہوگئے تھے اور دونوں نے چند سال تک تعلقات میں رہنے کے بعد 1994 میں شادی کی تھی۔اس جوڑے نے ٹوئٹر پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فاؤنڈیشن کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے لیکن ہم بطور میاں بیوی اپنی زندگیوں کے اگلے مراحل میں ایک ساتھ ترقی نہیں کر سکتے۔‘ انہوں نے ایک بیان میں کہا ’’ہم نے تین ناقابل یقین بچوں کی پرورش کی ہے اور ایک ایسا فاؤنڈیشن بنایا ہے جو پوری دنیا میں کام کرتا ہے تاکہ تمام لوگوں کو صحت مند اور بارآور زندگی گزارنے کے قابل بنایا جاسکے‘‘۔بل اور ملنڈا گیٹس کے تین بچے ہیں، جن میں سے سب سے بڑی بیٹی جینیفر کیتھرائن گیٹس کی عمر 25 سال ہے جب کہ ان کے دو بیٹے بھی ہیں اور ان کی عمریں بھی 20 سال سے زائد ہیں۔دونوں کی جانب سے اگرچہ شادی ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاہم طلاق کے حوالے سے مزید معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔

تازہ ترین