کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ون ٹائم پارٹی ہے اب دوبارہ نہیں آتی، سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ نون عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پچھلے الیکشن میں دھاندلی کیلئے آرٹی ایس استعمال ہوا اس دفعہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں لارہے ہیں،تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی نے کہا کہ ن لیگ صرف جی ٹی روڈ کی پارٹی ہے، تحریک انصاف چاروں صوبوں کی واحد وفاقی جماعت ہے۔ ن لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وفاقی وزراء نے الیکشن کمیشن کے خلاف مہم چلائی، حکومت کو پتا ہے گیم ہاتھ سے نکل گئی ہے اب نئے الیکشن ہوسکتے ہیں، پچھلے الیکشن میں دھاندلی کیلئے آرٹی ایس استعمال ہوا اس دفعہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں لارہے ہیں، وہ فواد چوہدری جس کے بنے ہوئے وینٹی لیٹر کو شبلی فراز نہیں مانتا وہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں لارہا ہے۔ وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ این اے 249میں دوبارہ گنتی سے نتائج میں کوئی فرق نہیں آئے گا، پیپلز پارٹی دوبارہ گنتی کے ساتھ دوبارہ پولنگ کے لئے بھی تیار ہے، تحریک انصاف ون ٹائم پارٹی ہے اب دوبارہ نہیں آتی، ان کی مانگے تانگے کی حکومت کسی وقت بھی جاسکتی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی نے کہا کہ ن لیگ صرف جی ٹی روڈ کی پارٹی ہے، تحریک انصاف چاروں صوبوں کی واحد وفاقی جماعت ہے، ن لیگ کہے کہ 90لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دینا چاہتی، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے جن نہیں نکلتے یہ پتا نہیں کیوں خوفزدہ ہیں۔