پنجاب کے ضلع خوشاب کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ووٹنگ کے عمل کے دوران پولنگ اسٹیشن بنائے گئے دیہی مرکزِ صحت میں خاتون نے بچے کو جنم بھی دیا۔
خوشاب میں دیہی مرکز صحت پولنگ اسٹیشن نمبر 81 میں تبدیل کیا گیا، جہاں ووٹر اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے تھے۔
وہاں ایک کمرہ لیبر روم کے نام سے بھی مختص کیا گیا جہاں ایک حاملہ خاتون نے بچے کو جنم دیا ہے۔
دیہی مرکز صحت پر خاتون مریضہ مقررہ وقت پر طبی امداد کے لیے پہنچیں، جہاں علاقے میں تعطیل کی وجہ سے ڈاکٹر ڈیوٹی پر نہیں تھی، تاہم انھیں فون کرکے بلایا گیا۔
طبی امداد کے بعد خاتون نے بچے کو جنم دیا، جبکہ زچہ اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔
نومولود کے والد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا پہلا بچہ ہے، مجھے بہت خوشی ہے کہ یہ الیکشن کے دن پیدا ہوا۔