• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے جھڑپ، کیپٹن سمیت 3شہید، 2تخریب کار ہلاک، سرحد پر باڑ لگانے والے FC اہلکاروں پر افغانستان سے حملہ، 4 شہید، 6 زخمی

شمالی وزیرستان میں جھڑپ، کیپٹن سمیت 3شہید، 2تخریب کار ہلاک


ژوب /اسلام آباد (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے والے ایف سی اہلکاروں پر افغانستان سے حملے کے نتیجے میں 4؍ اہلکار شہید اور 6زخمی ہوگئے ، وطن کے تحفظ پر مامور اہلکاروں پر بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے مانزکئی میں افغان سرزمین سے فائرنگ کی گئی ، حوالدار نور زمان ، سپاہی شکیل عباس، سپاہی احسان ﷲ اور نائیک سلطان نے جام شہادت نوش کیا ، ایف سی اہلکاروں نے حملے کا مؤثر جواب دیا جبکہ زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایسے حملے سرحدوں پر امن اور استحکام کیلئے جاری کوششوں کو شدید نقصان پہنچائیں گے، افغانستان کو سفارتی ذرائع سے بتادیا آئندہ ان سے گریز کریں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر حوصلے پست نہیں کر سکتے، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا کام ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔ جبکہ ملک کے سیاسی رہنماؤں نے افغانستان سے حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ادھر شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے جھڑپ میں کیپٹن سمیت 3؍ اہلکار شہید ہوگئے جبکہ 2تخریب کار بھی مارے گئے ، شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن میں دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بدھ کو ژوب کے علاقے مانزکئی میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے کام میں مصروف ایف سی اہلکاروں پر سرحد پار افغانستان سے دہشتگردوں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں چا ر ایف سی اہلکار حوالدار نور زمان ، سپاہی شکیل عباس، سپاہی احسان ﷲ اور نائیک سلطان شہید جبکہ چھ اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کے لئے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی اہلکاروں کی جانب سے حملے کا موثر جواب دیا گیا ۔ادھر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر حوصلے پست نہیں کر سکتے، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا کام ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔ شیخ رشید نے بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت اور ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کے مطابق پاکستان نے پاکستانی فینسنگ پارٹی پر حملہ کے بارے میں افغان سفارتخانے کو اپنی تشویش سے آگاہ کر تے ہوئے کہاہے کہ ایسے منظم گروہوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ 5مئی 7بجے 45منٹ پر 20دہشتگردوں نے پاکستانی فینسنگ پارٹی پر ضلع ژوب میں حملہ کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ دہشتگردوں نے چھوٹے اوربڑے ہتھیار حملے میں استعمال کیے، پاکستان ایسے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ افغان سفارتخانے کو پاکستان نے اپنے تشویش سے آگاہ کیا گیا ہے اور کہاکہ ایسے منظم گروہوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔دوسری جانب شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 2؍دہشت گرد ہلاک جب کہ پاک فوج کے کیپٹن سمیت 3؍ جوان شہید ہوگئے۔ 

تازہ ترین