• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فٹبال کے معاملات بہتر کرنے کیلئے جنگی بنیاد پر کام کر رہے ہیں، محسن گیلانی

محسن گیلانی(فائل فوٹو)۔
محسن گیلانی(فائل فوٹو)۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر محسن گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستانی فٹبال کے معاملات کو بہتر کرنے کے لئے جنگی بنیاد پر کام کر رہے ہیں، قومی فٹبال کو گزشتہ دس سال میں آپس کی رنجشوں اور اختلاف نے بہت نقصان پہنچایا ہے۔

محسن گیلانی نے ان خیالات کا اظہار حیدر آباد پریس کلب میں جنگ سے گفتگو کے دوران کیا۔

انھوں نے کہا کہ ملکی فٹبال معاملات کو جلد از جلد بہتر کرنے کیلئے گزشتہ چار ماہ سے پی ایف ایف کا صدر بننے کے بعد سے فیفا، اے ایف سی اور پاکستان فٹ بال کمیونٹی سے مسلسل رابطے میں ہوں، کوشش ہے کہ اس نقصان کا جلد از جلد ازالہ ہوسکے۔ 

صدر پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کہا کہ فیفا اور اے ایف سی نے پاکستانی فٹبال کی ترقی کیلئے بھرپور یقین دہانی کرائی ہے۔

اس موقع پر پی ایف ایف کے سینیئر نائب صدر حافظ ذکاء اللہ، سندھ فٹبال کے صدر حاجی اعظم خان، محمد عابد (بدی) اور دیگر بھی موجود تھے۔

محسن گیلانی نے کہا کہ صرف چار ماہ کے قلیل عرصے میں پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کئی اہداف حاصل کیے ہیں، جلد سندھ میں ریجنل ٹورنامنٹس کے بعد نیشنل سطح کے ٹورنامنٹس کرائے جائیں گے۔ 

محسن گیلانی نے کہا کہ پاکستان میں فٹ بال کا مستقبل انٹر اسکول ٹورنامنٹس سے جڑا ہوا ہے جب تک فٹبال کو گراس روٹ لیول تک نہیں لے جائیں گے،  فٹبال ترقی نہیں کرے گا۔ اعظم خان کی درخواست پر انہوں نے سندھ میں ریجنل ٹورنامنٹس کے بعد نیشنل سطح کے ٹورنامنٹس کرانے کا اعلان کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ فٹبال کے لیے معیاری گراﺅنڈز کا ہونا بے حد ضروری ہے، اس وقت پاکستان میں عالمی معیار کا صرف ایک جناح فٹبال گراﺅنڈ اسلام آباد میں موجود ہے جبکہ کم از کم ہر ریجن میں ایک عالمی معیار کا فٹبال گراﺅنڈ ہونا چاہیے۔ 

محسن گیلانی نے کہا کہ حکومت نے فٹبال کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید