• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رنگ ونسل کی بنیاد پر علاج سے محروم نہیں کیا جاسکتا، ادیب رضوی

کراچی (جنگ نیوز) معروف معالج اور سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی) کے بانی ڈاکٹر ادیب رضوی 50 برس سے ضرورت مند مریضوں کو جینے کی اُمید دے رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ رنگ ونسل کی بنیاد پر کسی کو علاج سے محروم نہیں کیا جاسکتا، غریب مریضوں کیلئے انتظامات سے مکمل مطمئن نہ ہونے پر غریبوں کی خدمت کا جذبہ ابھرا ۔ ”جیونیوز“سے گفتگو کے دوران اُن کا کہنا تھا کہ جب میں ڈاکٹر نہیں تھا ہم رضا کار تھے، ہم ڈی جے کالج کے اطراف جھگیوں سے مریضوں کو سول اسپتال لایا کرتے تھے لیکن اُن کیلئے کئے جانے والے انتظامات سے مکمل طور پر مطمئن نہ ہوپاتے، یہ تمام باتیں مجھ پر اثر انداز ہوتی تھیں کہ کوئی بھی شخص صرف رنگ، ذات، پات اور مذہبی وابستگی کی وجہ سے صحت، تعلیم اور خوراک سے محروم نہیں کیا جاسکتا کیونکہ وہ غریب ہے۔ معروف معالج اور سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ کے بانی، روح رواں اور مسیحا ڈاکٹر ادیب رضوی کا یہ جذبہ خدمت کروڑوں لوگوں کو صحت کی بہترین سہولتیں دینے کی وجہ بن گیا ہے۔ انسانوں کے دُکھ درد بانٹنا اور اللہ کی رضا کیلئے گردوں کی بیماری میں مبتلا افراد کو مفت علاج فراہم کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ دو کروڑ 36 لاکھ افراد کو علاج کی مفت سہولت دینے والا ایس آئی یو ٹی اب تک ایک ہزار سے زائد بچوں سمیت 6 ہزار 350 مریضوں کا ٹرانسپلانٹ کر چکا ہے۔

تازہ ترین