کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی عمران خان کی عوام دشمنی کی انتہا ہے،مافیاز کی سرپرست عمران خان کی حکومت مہنگائی کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے، کم آمدنی والے گھرانے کیلئے زندگی گزارنا ناقابل برداشت ہوتا جارہا ہے، ایک سال میں بجلی کی قیمتوں میں 29؍ فیصد اضافہ عوام دشمنی کی انتہا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہائوس سے جاری بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کپڑوں کی سلائی کی قیمتوں میں 4.5 فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے، عام آدمی عید کیلئے نئے کپڑے بنواتے ہوئے بھی اپنی جیب کو دیکھ رہا ہے، گھروں کے کرایوں کی مد میں 9.3 فیصد تک کے اضافہ کیا گیا ہے۔