• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد (فاروق اقدس) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف اسلام آباد میں دو روزہ مصروفیات کےبعدجمعرات کی شام واپس لاہور چلے گئے ہیں۔ 

اسلام آباد میں قیام کے دوران انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر اور چینی سفیر سے ملاقات کی تاہم ملاقات کی غرض وغایت کے بارے میں کچھ علم نہیں ہوسکا۔ 

راجہ اشفاق سرور اور سینیٹر مشاہد اللہ خان کے گھروں پر جاکر ان کے لواحقین سے تعزیت بھی کی اور راولپنڈی اسلام آباد کے مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ 

اسلام آباد میں ان اعلانیہ ملاقاتوں کے سوا ان کی دو روزہ مصروفیات کے بارے میں مسلم لیگی ذرائع خاموش ہیں تاہم ان کی لاہور سے اسلام آباد آمد سے قبل ہی اس بات کو یقینی سمجھا جارہا تھا کہ شہباز شریف پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ضرور ملاقات کرینگے لیکن میاں شہباز شریف جن کی زیادہ مصروفیات اسلام آباد میں ہی تھیں اور مولانا فضل الرحمان بھی تقریباً ایک ماہ سے اسلام آباد میں ہی سکونت پذیر ہیں۔ 

پی ڈی ایم میں شامل دونوں حلیف جماعتوں کے سربراہوں کی ملاقات نہ ہوئی جس پر حیرانگی کا بھی اظہار کیا جارہا ہے۔ کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کی علیحدگی کے بعد پی ڈی ایم میں اب مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام ہی دو بڑی جماعتیں ہیں۔ 

پھر پی ڈی ایم جو عید کے فوری بعد حکومت کے خلاف فیصلہ کن تحریک چلانے کی دعویدار ہے جو حکومت پر ’’آخری ہلہ‘‘ بھی ہوسکتا ہے اس تناظر میں اسلام آباد میں دونوں قائدین کی موجودگی کے باوجود ملاقات نہ ہونا موضوع بحث بن گیا اور یقیناً میاں شہباز شریف کی اسلام آباد میں موجودگی کے دوران جے یو آئی کے قائد ان کی آمد کے منتظر ہوں گے لیکن ایسا نہیں ہوا البتہ میاں شہباز شریف نے واپس لاہور پہنچنے کے بعد مولانا سے فون پر ان کی خیریت دریافت کی اور ملاقات نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ اس صورتحال پر یہ مصرعہ صادق آتا ہے کہ۔ ’’میرے پاس سے گزر کر میرا حال تک نہ پوچھا۔ 

میں یہ کیسے مان جائوں کہ وہ دور جا کے روئے‘‘ البتہ پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستگی رکھنے والے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے جمعرات کو مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس کے بارے میں جے یو آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ راجہ پرویز اشرف نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اس بارے میں جے یو آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ راجہ پرویز اشرف نے مولانا فضل الرحمان کی عیادت کی اور جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ 

تقریباً ڈھائی گھنٹے کے دورانیے پر محیط اس ’’عیادت‘‘ کے دوران ذرائع کے مطابق راجہ پرویز اشرف نے مولانا فضل الرحمان کو آصف علی زرداری کا پیغام پہنچایا اور عید کے بعد پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی واپسی اور شرکت سمیت اسمبلیوں سے استعفوں اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ان ذرائع کے مطابق عید کے بعد آصف علی زرداری کی اسلام آباد آمد اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقات خارج از امکان نہیں۔

تازہ ترین