پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنا ڈبییو کرنے والے فاسٹ بولر تابش خان نے کہا ہے کہ وہ ٹیسٹ ڈیبیو پر بہت خوش ہیں۔
ڈیبیو پلیئر تابش خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے پاس اپنی خوشی بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔
تابش خان نے کہا کہ ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرے، میرا ایک بہت لمبا سفر ہے، آخر کار میرا خواب پورا ہوگیا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ میں سب کی توقعات پر پورا اُتروں۔
واضح رہے کہ ہرارے اسپورٹس کلب میں پاکستان کی زمبابوے کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بیٹنگ جاری ہے۔
زمبابوے کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گرگئی، عمران بٹ 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں زمبابوے کو ایک اننگ اور 116 رنز سے ہرایا تھا جبکہ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان نے دو ایک سے جیتی تھی۔