• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انوشکا اور ویرات کی بھارت کیلئے امدادی مہم کا آغاز

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اور اہلیہ و بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے بھارت کی کورونا  بحران سے نکلنے میں مدد کے لیے امدادی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

انوشکا شرما نے فوٹو اور ویڈیو ایپ انسٹاگرام پر اپنے شوہر ویرات کوہلی کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔


اس ویڈیو میں انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کو لوگوں سے کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت کے باعث بھارت میں ہونے والے بحران سے نکلنے کے لیے عطیات دینے کی درخواست کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انوشکا شرما نے لکھا کہ ’ہمارا ملک کورونا وائرس کی دوسری لہر کے خلاف لڑ رہا ہے اور ہمارے حفظانِ صحت کے نظام کو بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے۔‘

انوشکا شرما نے لکھا کہ ’اس طرح سے اپنے لوگوں کو تکلیف میں دیکھ کر میرا دل دہل جاتا ہے۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’لہٰذا، ویرات اور میں نے کورونا ریلیف کے لیے فنڈ جمع کرنے کے لیے کیٹو کے ساتھ مل کر ایک مہم شروع کی ہے۔‘

انوشکا شرما نے اس مشکل وقت میں مداحوں سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم سب مل کر اس بحران پر قابو پالیں گے، براہ کرم بھارت کی مدد کے لیے آگے بڑھیں۔‘

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’اس اہم وقت کے دوران آپ کی مدد کئی جانیں بچانے میں معاون ثابت ہوگی۔‘

اس کے علاوہ اداکارہ نے اپنے انسٹا اکاؤنٹ پر کیٹو کی ویب سائٹ کا لنک بھی دیا ہے تاکہ جو لوگ عطیات دینا چاہیں ان کے لیے آسانی ہو۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید