پڑوسی ملک بھارت میں بےقابو کورونا وائرس نے بالی ووڈ اور بھوجپوری فلم انڈسٹری کی ایک اور سینئر اداکارہ سری پراڑہ کی جان لے لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ سری پراڑہ حال ہی میں عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کا شکار ہوگئی تھیں جس کے بعد اُن کی طبیعت مزید خراب ہوگئی تھی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ بالی ووڈ اداکارہ کی طبیعت سنبھلنے کے بجائے مزید خراب ہوتی گئی جس کے بعد وہ دو روز قبل اس دُنیا سے کوچ کرگئیں۔
بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ سری پراڑہ کی موت کی تصدیق ’سائن اینڈ ٹی وی آرٹسٹس‘ ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری امت بہل نے کی۔
اُنہوں نے کہا کہ اداکارہ سری پراڑہ کی موت بالی ووڈ اور بھوجپوری فلم انڈسٹری کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سری پراڑہ نے ہندی اور ساؤتھ سینما میں ناقابلِ یقین کام کیا تھا لیکن بدقسمتی سے ہم اُن کو کھو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ سری پراڑہ نے ہندی اور بھوجپوری انڈسٹری کے بہت سے بڑے ناموں کے ساتھ کام کیا تھا۔ انہوں نے گووندا، دھرمیندر، ونود کھنہ، گلشن گروور اور دیگر کے ساتھ اداکاری کی تھی۔ انہوں نے روی کشن کے ساتھ ہٹ بھوجپوری فلم ’ہم تو ہو گئے نی توہر‘ میں بھی کام کیا تھا۔
دوسری جانب بھارت کے اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھنے پر بیڈز کی کمی کا سامنا ہے جبکہ چنئی کے اسپتال میں ایمبولینس کے اندر ہی کورونا مریضوں کا علاج شروع کردیا گیا.