کراچی(اسٹاف رپورٹر) جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹور نامنٹ کے التواء کے بعد کراچی کے ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں جاری قومی جونیئر ہاکی ٹیم کا تر بیتی کیمپ ختم کردیا گیا ، کھلاڑی اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے،پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ دانش کلیم نے کہا کہ جونیئر ایشیا کپ کے ملتوی ہونے سے مایو سی ہوئی ہے، کھلاڑیوں کے لئے صورت حال مایوس کن ہے، انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ٹریننگ کے سلسلے کو عید کے بعد جاری رکھیں گے، جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو فٹ اور ردہم میں رکھنے کے لئے سنیئر ہاکی ٹیم کے ساتھ میچز کرائیں گے۔ کیمپ ختم ہونے کے ساتھ کھلاڑیوں کو فزیکل فٹنس اور ٹریننگ کا پروگرام دے دیا گیا ہے۔جس کے مطابق انہیں ٹریننگ کی ہدایت کی گئی ہے۔