• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ایکسپریس وے پر جاری کاموں کو جلد مکمل کرنیکی ہدایت

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد ایکسپریس وے کے جاری ترقیاتی کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس پر جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کر دی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) انتظامیہ کی جانب سے کورونا کی مہلک تیسری لہر کے باوجود منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کرنے کیلئے تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔ سی ڈی اے انتظامیہ شہریوں کو بہترین اور پرآسائش سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ اسی ضمن میں شہر میں روڈ انفرا سٹرکچر کی بحالی، نئی شاہراہوں، ایونیوز، ہائی ویز، سڑکوں، پلوں کی تعمیر میں خصوصی دلچسپی لی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد ایکسپریس وے پر بھی زورو شور سے ترقیاتی کام کئے جا رہے ہیں۔ ایکسپریس وے پر ٹی چوک تک مزید دو لین کا اضافہ کیا جائیگا۔ دوسری جانب پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس لوپ پر کام جاری ہے۔ اس سیکشن میں نکاسی آب کے کام مکمل ہو چکے ہیں۔ سڑک کے ڈھانچے کے ساتھ مٹی کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے اور عید کے فوری بعد ٹریفک کو مرحلہ وار موڑ دیا جائیگا جس کے بعد مرکزی انڈر پاس کے بنیادی ڈھانچے پر کام شروع کیا جائیگا۔ ریفک کے بہائو کیلئے سلپ اوورز پر بھی کام جاری ہے، تاکہ منصوبے کی تعمیر کے دوران ٹریفک کا بہائو جاری رہے۔ اس سلسلے میں ریلوے پل کی توسیع کیلئے ریلوے حکام کو بھی مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، اور ریلوے حکام نے جلد سے جلد مذکورہ پل کی تعمیر کی یقین دہانی کروائی ہے۔
تازہ ترین