• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید پر وزیراعلیٰ اور سیکرٹری داخلہ جیلوں میں تحائف تقسیم کرینگے

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) پنجاب کی جیلوں میں عیدالفطر کے موقع پر قیدیوں کو تحائف دیئے جائیں گے۔ آئی جی جیل خانہ پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ نے اعلان کیا ہے کہ امسال عید پر پہلی بار وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور سیکرٹری داخلہ مومن آغا قیدیوں کو تحائف تقسیم کرینگے۔ اس موقع پر قیدیوں کو نئے کپڑے اور دیگر تحائف دیئے جائیں گے جبکہ خواتین قیدیوں کو کپڑے، کون مہندی اور چوڑیاں بھی تحفے میں ملیں گی۔ جیلوں میں اپنی مائوں کے ساتھ رہنے والے کمسن بچوں کو نئے کپڑے، کھلونے اور بسکٹ بھی دیئے جائیں گے۔ اس حوالے سے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب کا کہنا ہے کہ عید پر مرد قیدیوں کو نئے کپڑے، شیمپو، صابن اور ٹوتھ پیسٹ بھی ملے گا جبکہ عید کے روز قیدیوں کو ناشتے میں سوئیاں، حلوہ اور پراٹھا، دوپہر کے کھانے میں چکن قورمہ دیا جائیگا۔ دریں اثناء آئی جی جیل پنجاب مرزا شاہد بیگ نے بتایا کہ جیل کے گریڈ5 تک کے عملے کو 1500 روپے فی کس کے حساب سے عیدی بھی دی جائیگی جبکہ اس سے قبل عیدالفطر پر قیدیوں کیلئے گھر کا کھانا، سامان اور تحائف جمع کرانے کیلئے جیلوں میں خصوصی کائونٹرز بنانے کا حکم دیا گیا تھا۔ مزید برآں گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی معمولی جرائم میں قید کاٹنے والے اسیروں کیلئے سزائوں میں تخفیف بھی کی جائیگی۔
تازہ ترین