ماضی میں پاکستان فلم انڈسٹری کو سُپر ہٹ فلمیں دینے والی سینئر اداکارہ طلعت صدیقی دُنیا سے رخصت ہوگئیں۔
سینئر اداکارہ طلعت صدیقی کے انتقال کی خبر اُن کی بھانجی گلوکارہ فریحہ پرویز نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں دی۔
فریحہ پرویز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر اداکارہ طلعت صدیقی کی کچھ یادگار تصاویر شیئر کیں جو اُن کے مخلتف کرداروں کی ہیں۔
گلوکارہ نے مداحوں کو اس بُری خبر سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری خالہ اور اداکارہ طلعت صِدیقی صاحبہ آج اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’اللّٰہ تعالیٰ طلعت صدیقی صاحبہ کی مغفرت فرمائے۔
واضح رہے کہ طلعت صدیقی کی مشہور فلموں میں ’دل نشین‘، ’حیدر سلطان‘ اور ’کالیا‘ شامل ہیں۔
طلعت صدیقی نے ناصرف لالی ووڈ میں کام کیا بلکہ وہ ریڈیو پاکستان میں بھی کام کرچکی ہیں جبکہ اُن کی صاحبزادی عارفہ صدیقی بھی اداکارہ ہیں۔