• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرانا اسٹیٹس کو اور مافیا اکٹھے، ہم ان سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پرانا اسٹیٹس کو اور مافیا سب اکٹھے ہوگئے، ہم ملک کو مافیا سے آزاد کروانے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

جدہ میں روشن ڈیجٹیل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ میں آپ کو خوشخبری دیتا ہوں جلد نیا پاکستان آپ کے سامنے آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمران والا معاشرہ اوپر جاتا ہے جبکہ طاقت کی حکمرانی والا معاشرہ ترقی نہیں کرتا، ہماری جنگ ملک کو مافیا سے آزادی کروانے کے لیے ہے۔


عمران خان نے مزید کہا کہ میں اوورسیز پاکستانیوں کی اہمیت سب سے زیادہ جانتا ہوں، 90 لاکھ اوورسیز پاکستانی ہمارا بہت بڑا اثاثہ ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا امید سے بہتر رزلٹ آیا، ترسیلات زر بڑھانے میں گورنر اسٹیٹ بینک کا کردار بہت اہم ہے۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ مشکل وقت میں ساتھ دینے پر سعودی حکومت کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں، سعودی عرب مشکل وقت میں اگر مدد نہ کرتا تو ہم ڈیفالٹ کرجاتے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں کورونا کی تیسری لہر تباہی مچا رہی ہے، اللّٰہ کا شکر ہے ہم نے پاکستان کو کورونا کی تباہی سے بچالیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا نے دنیا کی معیشت میں بڑی تباہی مچائی ہے، ہم نے لوگوں کو اور معیشت کو کورونا سے بچالیا ہے، ہمارے ہمسائے ممالک کی ایکسپورٹ گری، ہماری برآمدات میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مافیا پرانے نظام کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان کی خوشحالی میں اوورسیز کا بڑا کردار ہے، ملک میں روزگار نہ ملنے پر لوگ باہر جاتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری پارٹی نوجوانوں کی وجہ سے حکومت میں آئی، تبدیلی بھی نوجوانوں کی وجہ سے آرہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ شوکت خانم اسپتال چلانے میں اوورسیز پاکستانیوں کا بڑا اہم کردار ہے۔

تازہ ترین