• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں یورینیم کی چوری دنیا کیلئے تشویشناک ہے، رپورٹ

اسلام آباد (اے پی پی)نریندر مودی کی زیر قیادت بھارت ایک عالمی خطرے کے طور پر سامنے آرہا ہے ، بھارت میں یورینیم کی چوری دنیا کیلئے تشویشناک ہے، بھارت کی جوہری سرگرمیوں پر پابندی لگائی جائے۔ کشمیرمیڈیاسروس کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ریاست مہاراشٹرکے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کی طرف سے دو افراد کی سات کلو گرام قدرتی یورینیم کے ساتھ گرفتار ی کو دنیا میں ایک دھماکے کے طورپر لینا چاہیے جسے پہلے ہی بھارت میں روزانہ لاکھوں کورونا کیسز کے سامنے آنے کی وجہ سے سخت خطرے کاسامنا ہے۔ رپورٹ میں بھارت میں یورینیم چور ی کے اس واقعے پر عالمی سطح پرپائی جانے والی خاموشی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر پاکستان میں کسی عام آدمی سے ایٹمی مادہ پکڑا جاتا تو دنیا آسمان سر پر اٹھا لیتی۔قدرتی یورینیم کو عام طور پر جوہری بم بنانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے اور اسکی چوری نے دنیا کو بھارت سے درپیش خطرات کے حوالے سے سوالات کو جنم دیا ہے اور یہ معاملہ اس بات کا متقاضی ہے کہ بھارت کی جوہری سرگرمیوں پر پابندی لگائی جائے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ممبئی میں جوہری مادے کی چوری کا واقعہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کو ظاہر کرتا ہے اوریہ ملک دنیا کی جوہری تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔ پاکستان اس بات کیلئے حق بہ جانب ہے کہ وہ بھارت میں یورینیم چوری کے واقعے پر تشویش ظاہر کرے۔یاد رہے کہ مہاراشٹرکے انسداد دہشت گردی سکواڈ کے ایک عہدیدار نے جمعرات کے روز ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ سکواڈ نے ممبئی میں دو افراد کو گرفتار کیا جن سے قریبا21کروڑ 30لاکھ روپے مالیت کی سات کلو قدرتی یورینیم برآمد ہوئی ہے۔

تازہ ترین