• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان،سعودیہ کا مسئلہ کشمیر کے حل پر زور ،افغان امن کیلئے مشاورت پراتفاق

اسلام آباد( نمائندہ جنگ)سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان اور بھارت کے مابین کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر2003کے معاہدے کے تحت فائر بندی پر عملدرآمد سے متعلق حالیہ بات چیت کو سراہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے متعلق اسلام آباد میں وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان دونوں نے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل پر زور دیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم کیساتھ تفصیلی ملاقات کے بعد افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ اعلامیے کے مطابق، پاکستانی اور سعودی قیادت نے افغان امن عمل کے حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ افغانستان کا ایک جامع سیاسی حل، جس میں ملک کے تمام اہم سٹیک ہولڈرز شامل ہوں، وہی قیام امن کا واحد راستہ ہے۔ پاکستانی اور سعودی قیادت نے افغانستان کے تمام اہم فریقوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک میں قیام امن کے موجودہ تاریخی موقع کو سمجھیں اور اسے استعمال کرتے ہوئے سیاسی حل کی جانب بڑھیں۔سعودی ولی عہد نے پاکستانی وزیر اعظم سے ملاقات میں یمن، فلسطین اور لیبیا کے تنازعات کے پر امن حل پر بھی زور دیا۔

تازہ ترین