• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرآن کے مطالعے اور غور و خوض سےانسان فیض ہدایت پا سکتا ہے، سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قرآن کے مطالعے اور غورو خوض سےانسان فیض ہدایت پا سکتا ہے۔جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کا نظام چاہتی جس میں قانون ہر غریب و امیر کیلئے یکساں ہو، قرآن مجید انسانیت کے لیے رحمتوں، برکتوں اور روشنی کا ذریعہ ہے اگر ہم ہر آیت کا مخاطب اپنی ذات کو بنائیں اور یہ تصور کریں کہ اللہ تعالیٰ نے یہ آیت میرے لیے نازل کی ہے تو ہم اس پر عمل کے ذریعے دنیا و آخرت کی کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں۔ امت مسلمہ کے بڑے مسائل کی وجہ قرآن سے دوری اور بے عملی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں ختم قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مسجد کی انتظامیہ، امام مسجد، قاری صاحبان اور مدرس حافظ محمد ادریس کو خصوصی مبارک باد دی اور اس امید کا اظہارکیا کہ رمضان کے علاوہ بھی قرآن پاک کی تعلیمات کو سمجھنے کے لیے اس طرح کے پروگرامات کو ترتیب دیا جائے گا۔سراج الحق نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں قرآن کو خاص اہمیت حاصل ہے کیوں کہ یہ مہینہ نزول قرآن کا ہے۔ رمضان میں قرآن پاک کی جتنی تلاوت کی جائے اتنی ہی زیادہ سکینت طاری ہوتی ہے۔انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک میں قرآن و سنت کا نظام چاہتی ہے۔ جس میں قانون ہر غریب و امیر کے لیے یکساں ہو،حکمران اور عوام کے لیے احتساب ایک سا ہو۔ سودی نظام کا خاتمہ ہو، یکساں نظام تعلیم ہو، ملک میں ہر ایک کے لیے روزگار، امن اور سکون ہو۔ پاکستان امت مسلمہ کو حقیقی معنوں میں لیڈ کر رہا ہو گا۔ نوجوان آگے بڑھیں اور وقت کے چیلنجز کو سمجھتے ہوئے قرآن سے اپنے تعلق کو مضبوط کریں۔

تازہ ترین