کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان کی جامعات اور پارلیمان کے درمیان تعلق اور تعا ون قائم ہونا چاہیئے ۔ اس طرح پارلیمان، جامعات سے ملک کو درپیش مختلف مسائل پر رہنمائی حاصل کر سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک مقامی ہوٹل میں پاکستان چین تعلیمی شراکت دار ی کے تحت سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ ’سندھ ہینان یونیورسٹیز فورم‘‘ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے مزید کہا کہ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے نہ صرف دونوں ممالک اقتصادی طور پر مستحکم ہونگے بلکہ ہمارا دفاع بھی ناقابل تسخیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ نے اسلام آباد کی آٹھ اہم یونیورسٹیز سمیت آئی بی اے کے ساتھ معاہدے کیے ہیں تاکہ وہ ہمیں ملک کو درپیش اہم امور پر اپنی ماہرانہ رائے دے سکیں۔ قبل ازیں سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے اپنے خطبہ استقبالیہ پیش کیا انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال ہینان کی گیارہ جامعات کے وفد سے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا دورہ کیا تھا جس کے بعد ہمارا وفد چین گیا تھا جس کے بعد دونوں صوبوں کی جامعات کے درمیان تعلیمی شعبے میں تعاون کا معاہدہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ ہینان یونیورسٹیز فورم پاکستان کی دیگر جامعات کو بھی ایک موقع فراہم کررہا ہے کہ وہ چین کی جامعات کے ساتھ تعلیم اور تحقیق کے میدانوں میں سمجھوتے کریں۔ چین کے کراچی میں تعینات قائم مقام قونصل جنرل مو یونگ سینگ نے اپنے خطاب میں سندھ ہینان یونیورسٹیز فورم کے انعقاد کو اہم کردار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے چین اور پاکستان کے دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہونے کے ساتھ دونوں ممالک کو تعلیم کے شعبے میں فائدہ ہوگا سنیان یونیورسٹی کے پروفیسر لو ڈین نے کہا کہ یہ فورم پاکستان اور چین کی دوستی کو مزید مستحکم کرے گا۔ تقریب سے سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کی سینڈیکیٹ کے رکن جسٹس (ر) دیدار حسین شاہ اور رکن قومی اسمبلی غوث بخش مہر نے بھی خطاب کیا۔افتتاحی تقریب کے بعد’’تعلیم کے شعبے میں پاکستان اور چین کا تعاون‘‘ کے موضوع پر سیشن م چارٹر انسپیکشن اینڈ اوولیوشن کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ سن 2003میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے میں کو آپریٹو ایجوکیشن ڈ پروگرام کا معاہدہ ہوا جس کے تحت ہائر ایجوکیشن نے دو سو سے زائد طلباء کو چین بھیجا۔۔ اس سیشن سے سنیان یونیورسٹی کے پروفیسر لو ڈین، وائس پریزیڈنٹ مس چی یی ، شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور کی وائس چانسلر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے وائس چانسلر پروفیسر غلام اصغر چنہ خطاب کیا۔دریں اثناء مقامی ہوٹل میں سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ ’سندھ ہینان یونیورسٹیز فورم‘‘ کے تحت’’ہینان اور سندھ کی تعلیم کا منظرنامہ‘‘ کے موضوع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے سیکریٹری برائے بورڈز اینڈ یونیورسٹیز اقبال حسین درانی کی زیر صدارت منعقد ہ سیمینار کے دوسرے سیشن سے سنیاں یونیورسٹی کے وائس چیئرمین مس چی یی ، ہینان نارمل یونیورسٹی کے جرنلزم اینڈ کمیونیکیشن کے وائس ڈین کنگ زنجو اور انٹرنیشنل کوآپریشن انسٹی ٹیوٹ آف بزنیس کے پروفیسر ڈاکٹر خالد امین نے خطاب کیا۔ فورم کے پہلے دن ہونے والے ٹیکنیکل سیشن کا تیسرا سیشن مشترگہ ڈگری پروگرام کے موضوع پر منعقد ہوا۔ پہلے دن کے آخری سیشن ’’مشترکہ ڈگری پروگرام ، طریقہ کار اور معیار‘‘ کی صدارت جسٹس (ر) سید دیدار حسین شاہ نے کی جبکہ انٹرنیشنل ایجوکیشن اسکول ہینان نارمل یونیورسٹی ہائیکو کی پارٹی کمیٹی کے سیکریٹری یونڈی چین ، انٹرنیشنل کوآپریشن اینڈ ایکسچینج ہینان یونیورسٹی ہائیکو کے ڈپٹی ڈائریکٹر زیوبینگ لنگ ، شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لا کے وائس چانسلر پروفیسر جسٹس (ر) قاضی خالد علی، شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی آف لیاری کے وائس چانسلر ڈاکٹر اختر بلوچ نے خطاب کیا۔