• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کھلاتضاد … آصف محمود براہٹلوی
رمضان کریم اور قرآن کریم آپس میں لازم اور ملزوم ہیں۔ اسی ماہ مقدس میں قرآن پاک کا نزول ہوا اس ماہ میں ایک ایسی رات ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ اسلام کے پانچ بنیادی اراکین میں سے روزہ تیسرے نمبر پر آتا ہے۔ اللہ رب العزت قرآن پاک میں ارشاد فرماتے ہیں کہ روزہ میرے لئے ہے اور میں ہی اس کا اجر دوں گا۔ اگر دیکھاجائے تو باقی عبادات کے حوالے سے نیکیاں بتائی جاتی ہیں کہ اس عبادت کا اتنا ثواب ملے گا لیکن جب روزے کا ذکر آتا ہے تو رب کریم نے اس کے ثواب واجر کا تعین نہیں کیا بلکہ فرمایا، روزہ میرے لئےہے اور میں ہی اس کا اجر دوں گا، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ماہ میں تقویٰ اختیار کیا جائے۔ ماہ رمضان میں سب سے زیادہ بلکہ دنیا کے کونے کونے میں ہر ایک لمحہ تلاوت قرآن پاک جاری رہتی ہے، نماز تراویح میں ہر مسجد میں قرآن پاک کی تلاوت کی جاتی ہے۔ قربان جائیں ان حفاظ پر جو محنت ومشقت سے حفظ قرآن پاک کرتے ہیںاور تلاوت قرآن پاک کرکے نماز تراویح میں مکمل کرتےہیں۔تلاوت قرآن پاک کرنے اور باالخصوص نماز تراویح میں قرآن سنانے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔عام زندگی میں دیکھاجائے تو کوئی اپنی کلاس میں اوّل آتا ہے یا کوئی ٹاپ گریڈ حاصل کرتا ہے تو میڈیا اسے سر پر اٹھا لیتا ہے لیکن رمضان کریم میں قرآن کریم سنانا بے شک ایک غیرمعمولی کارنامہ ہے، اتنی بڑی الہامی کتاب کوحفظ کرنا پھر با آواز بلند سنانا رب کریم کا فضل ہے، ہمیں بھی رمضان کے اختتام پر حفاظ کرام کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی چاہئے، انہیں بہترین استقبالئے، انعامات اور اعزازات سے نوازنا چاہئے۔ قرآن وسنت پر عمل پیرا ہونے سے دنیا میں کامیابی اور آخرت میں نجات ہے۔
تازہ ترین