• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری فلسطینیوں پر اسرائیلی تشدد رکوائے، شہباز شریف

عالمی برادری فلسطینیوں پر اسرائیلی تشدد رکوائے، شہباز شریف 


اسلام آباد،لاہور(نیوز ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے کہا کہ دنیا بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام سے آنکھیں کیسے چرا سکتی ہے، قبلہ اول کیلئے تمام دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کی طرح پاکستان کے عوام بھی بے انتہاء عقیدت واحترام رکھتے ہیں،القدس کے تقدس کی پامالی انتہائی قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںفلسطینی سفیر سے ملاقات اور ٹویٹ میں کیا۔ اپنے ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہاکہ فلسطینی شہداء میں معصوم بچے بھی شامل ہیں جو غزہ پر تازہ اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنے، یہ مجرمانہ خاموشی اسرائیلی جرائم پر چشم پوشی کے مترادف ہے، آپ انسانیت کے حامی ہیں یا پھر دہشت گردی کے؟یہ فیصلہ اب آپ کوکرنا ہی ہوگا۔علاوہ ازیں اسلام آباد میں شہبازشریف فلسطین کے سفارت خانے پہنچنے، جہاں انہوں نے فلسطینی سفیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں فلسطینی سفیر احمد رافعی سے نوازشریف ،پاکستان مسلم لیگ ( ن ) اور پاکستانی عوام کی جانب سے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ جذبا ت کے اظہار کے لئے حاضر ہوا ہوں،ہم فلسطین کے غیور اور بہادر عوام کے ساتھ یکجہتی کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نماز کے دوران فلسطینیوں پر اسرائیل کی وحشیانہ اورظالمانہ جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،بچوں،خواتین سمیت سینکڑوں فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں، بچوں سمیت 20 فلسطینیوں کی شہادت پر گہرا صدمہ ہے ،مسجد اقصی میں نما زیوں پر جس طرح شیلنگ،اسلحہ وبارود استعمال کیاگیا ، وہ کھلی دہشت گردی اور ظلم ہے۔

تازہ ترین