• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیبر امیدوار نائلہ شریف آشٹن انڈر لائن سے پہلی پاکستان نژاد کونسلر منتخب

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل)گریٹر مانچسٹر کے علاقے آشٹن انڈر لائن میں لیبر امیدوار نائلہ شریف پہلی پاکستان نژاد کونسلر منتخب ہوگئیں۔ برطانیہ کی مقامی کونسلوں کے عام انتخابات میں دیگر پاکستانی خواتین بھی انتخاب جیت کر کونسلر منتخب ہوئی ہیں۔ ٹیم سائیڈ کونسل کی 19 نشستوں میں سے 18 نشتیں لیبر پارٹی نے جیت لی ہیں، جبکہ ایک سیٹ پر اپ سیٹ دیکھنے کو ملا، سابق میئر کونسلر لی کو شکست ہوئی۔ ڈکنفیلڈ وارڈ سے پہلی بار کونسلر منتخب ہونے والی نائلہ شریف کئی برسوں سے کمیونٹی اور سماجی کاموں میں پیش پیش ہیں، انکی خدمات کو دیکھ کر لیبر پارٹی نے انہیں ٹکٹ دیا اور وہ سرخرو ہوئیں۔ نائلہ شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پچیس برس پہلے پاکستان سے برطانیہ آئیں، پچھلے کئی سالوں سے سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہوں، میرے کام کو دیکھ کر مقامی رکن برطانوی پارلیمنٹ اور لیبر پارٹی کے سرکردہ سیاسی رہنماؤں نے مجھے ڈکنفیلڈ سے مقامی کونسل کے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اپنا امیدوار چنا جس کیلئے ان سب کی شکر گذار ہوں۔ انکا کہنا تھا کہ جو مقام حاصل کیا ہے والدین رشتہ داروں اور دوست احباب کی دعاؤں کا نتیجہ ہے، انہوں نے پاکستان نژاد برطانوی مردوں سے درخواست کی کہ وہ خواتین کو برطانوی معاشرے میں کلیدی کردار ادا کرنے کے لیے انکی دلجوئی کریں تاکہ سیاسی میدان میں آکر وہ اپنا کردار ادا کر سکیں، انکا کہنا تھا کہ برطانیہ میں رہتے ہوئے ہم پاکستان کا نام اسی لیے روشن کر رہے ہیں کیونکہ ہم یہاں پر اپنا کردار اچھے طریقے سے ادا کر رہے ہیں، انکا کہنا تھا کہ انہیں یہ مقام رب العالمین کی خاص عنایت سے ملا ہے میں رب کریم کی شکر گزار ہوں۔
تازہ ترین