لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان سابق وزیر اطلاعات اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک پر قرضوں کا بوجھ ذکوۃ فطرانے اور چاولوں کی بوریوں سے نہیں اترے گا ، حدیبیہ کیس کھولنے سے آپ کی نالائقی نہیں چھپے گی؟ ترقی نہ ہوتوسرمایہ کاری کیلئے کوئی روپیہ نہیں دیتا،سی پیک پر چلتے ملک کو لنگر خانے پر جب چلائیں گے تو سرمایہ کاری نہیں چاولوں کی بوریاں ہی ملیں گی ،پاکستان کا قرض فروری میں 36 ہزار 600 سے تجاوز کرچکا ہے، کیا شہبازشریف کانام ای سی ایل پر ڈالنے سے یہ کم ہوگا؟بدھ کو بیان میں انہوں نے کہاکہ جب ملک میں ترقی نہیں ہوگی توسرمایہ کاری کے لئے کوئی ایک روپیہ نہیں دیتا۔ نوازشریف جاتا تھا تو ملک میں سی پیک لاتا تھا، نالائق ملک کے لئے رسوائی، ذکوة، فطرانہ اور چاولوں کی بوریاں لائیں ہیں۔ عمران صاحب ملک پرآپ کی وجہ سے قرض کا یہ بھاری بوجھ ذکوہ فطرانے اور چاولوں کی بوریوں سے اترے گا ؟ حدیبیہ کیس کھولنے سے کیا آپ کی یہ نالائقی چھپ جائے گی؟ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہاکہ 8 فیصد فسکل خسارے، سوا 13 فیصد سود پر مہنگے قرض نے مجموعی قرض میں اضافہ کیا، کیا اِس کا جواب شہبازشریف کو باہر جانے سے روکنے میں ملے گا۔ 11 ہزار ارب کا اضافہ ، کیا باہر بیٹھے پاکستانی سفیروں کی بے عزتی کرنے سے اس کا حل ہو گا؟36 ہزار600 ارب کا تاریخی قرض کیا ذکوۃ، فطرانے اور چاول کی بوریوں سے ختم ہوگا؟