• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے قریب بحیرہ عرب میں سمندری طوفان تاؤتے کے بننے سے موسمی سسٹم کے باعث گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 17 سے 20 مئی کے دوران ٹھٹھہ، بدین، تھر، میر پور خاص، عمر کوٹ اور سانگھڑ میں بارشیں متوقع ہیں، جبکہ ان علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 70 سے 90 کلو میٹر تک ہونے کا امکان ہے۔

کراچی،حیدر آباد، جام شورو، شہید بینظیر آباد، سکھر، لاڑکانہ، شکار پور، جیکب آباد اور دادو میں 18 سے 20 مئی کے دوران گرد آلود ہوائیں چلنے اور بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔


ان علاقوں میں ہوائیں 40 سے 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے۔

16 سے 20 مئی تک سسٹم کے تحت سمندر میں طغیانی کی کیفیت رہے گی۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کی پیش گوئی تو کی ہے تاہم اس کا کہنا ہے کہ طوفان کے اثرات سے کراچی میں 3 دن گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔

آج سے 17 مئی کے دوران کراچی شہر میں موسم گرم اور کبھی شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔



دن کے اوقات میں شہرِ قائد میں درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہ سکتا ہے، جبکہ شمال مشرق سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 15 سے 17 مئی کے دوران ہونے والی گرمی بحیرہ عرب میں بنے طوفان کے اثرات کے باعث ہے۔

محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ سمندر میں ہونے والی گردش سمندری ہوائیں اپنی طرف کھینچ لیتی ہے، سمندری ہوائیں معطل ہونے سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

تازہ ترین