کسٹمز پریوینٹو کراچی نے کھلے سمندر میں کامیاب آپریشن کرکے 8 کروڑ روپے مالیت کی منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔
ایک ہفتے میں اسمگلر مافیا کے خلاف دوسرا کامیاب آپریشن کرکے مجموعی طور پر 25 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی منشیات (میتھم فٹامائن کرسٹل) ضبط کی گئی۔
کسٹمز کے اسسٹنٹ کلکٹر اور آپریشن کے انچارج شفیع اللّٰہ کے مطابق عید کی تعطیلات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسمگلرز مافیا نے منشیات کی بھاری مقدار سمندری راستے سے بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش کی تاہم کلکٹر کسٹمز ساقف سعید کو ملنے والی اطلاع پر کیٹی بندر کی ساحلی پٹی میں اے ایس او کی ٹیم نے اپنے محدود وسائل سے کامیاب کارروائی کی اور غیر ملکی بوٹ سے 4 کلو گرام (میتھم فٹامائن کرسٹل) منشیات برآمد کر لی، جس کی غیر قانونی منڈی میں قیمت 8 کروڑ 80 لاکھ روپے ہے۔
اے ایس او کی اسی ٹیم نے 10مئی کو بھی کامیاب آپریشن کیا تھا جس میں 16 کروڑ 94 لاکھ روپے مالیت کی (میتھم فٹامائن کرسٹل) منشیات برآمد کی تھی اس طرح ایک ہفتے میں 25 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کی منشیات برآمد کی گئی ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔
ایک سوال پر انھوں نے بتایا کہ یہ منشیات افغانستان سے پاکستانی سمندری حدود میں لائی جاتی ہے پھر کھلے سمندر کے راستے مڈل ایسٹ اور یورپ وغیرہ کو اسمگل کی جاتی ہے۔