• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل کے بقیہ میچز ابوظبی میں کرانے کی منصوبہ بندی حتمی مراحل میں داخل

پی ایس ایل کے بقیہ میچز ابوظبی میں کرانے کی منصوبہ بندی حتمی مراحل میں


کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی کے شیخ زائد اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچ کرانے کی منصوبہ بندی حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اور اس بارے میں اعلان اگلے ایک سے دو دن میں متوقع ہے تاہم اماراتی حکومت کی جانب سے انکار کی صورت میں کراچی میں میچ کرائے جاسکتے ہیں۔ اس صورتحال میں پی سی بی دوبارہ این سی او سی سے رابطہ کرے گا کیونکہ گزشتہ چند روز سے ملک میں کووڈ کیسز کی شرح پھر کم ہو رہی ہے۔پی سی بی کے بڑے عید کی چھٹیوں میں بھی سر جوڑ کر بیٹھے رہے اور میچ کرانے کے لئے مختلف تجاویز پر بات چیت جاری ہے۔مالی معاملات پر بھی فرنچائز کو اعتماد میں لیا جارہا ہے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کی بھی جلد انگلینڈ سے واپسی کا امکان ہے۔پی سی بی کو امارتی کرکٹ بورڈ سے عید کی تعطیلات کے اختتام پر جواب مل سکتا ہے، عید کے بعد متحدہ عرب امارات کے دفاتر اتوار کو کھل رہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کی سربراہی میں اعلی سطحی وفد عید سے قبل امارات میں موجود ہے اور انتظامات کے حوالے سے بات چیت ہورہی ہے۔ابوظبی میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز کروانے کے لیے پی سی بی پر امید ہے ۔پی ایس ایل کے میچز کو ری شیڈول کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں کیونکہ 20 جون تک لیگ مکمل کرنے کے لیے دو سے تین ڈبل ہیڈر کرانے کی تجویز زیر غور ہے۔پی سی بی نے میچز کی میزبانی کے لیے امارات کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہوا ہے اور میزبان بورڈ کو میچز کی میزبانی کے لیے موجودہ صورتحال میں حکومت سے اجازت درکار ہے۔

تازہ ترین