• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیتابھ بچن نے کورونا سے نمٹنے کیلئے 15کروڑ روپے فنڈز فراہم کیے

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ارب پتی بولی وڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن نے واضح کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں وبا سے نمٹنے کے لیے انہوں نے عطیات کی مد میں 2 کروڑ روپے نہیں بلکہ اب تک 15 کروڑ روپے کے فنڈز دیے ہیں۔ چند دن قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ امیتابھ بچن نے کورونا ریلیف فنڈ میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی انتظامیہ کو 2 کروڑ روپے کے عطیات دیے ہیں۔ تاہم اب انہوں نے اپنی بلاگ پوسٹ میں عطیات کی مکمل تفصیل لکھی ہے، جس کے مطابق اب تک وہ 15 کروڑ روپے فنڈز دے چکے ہیں اور مزید فنڈز دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنی بلاگ پوسٹ میں واضح کیا کہ وہ خاموشی سے وبا سے نمٹنے کے لیے ذاتی دولت اور ملکیت سے فنڈز فراہم کر رہے ہیں اور جب تک ان میں ہمت ہے وہ عطیات فراہم کرتے رہیں گے۔ بگ بی نے لکھا کہ ان کی جانب سے فراہم کی گئی رقم کی مالیت 15 کروڑ روپے تک بنتی ہے جن میں سے حال ہی میں انہوں نے 2 کروڑ روپے دہلی انتظامیہ کو دیے تھے۔انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے لکھا کہ انہوں نے اب تک بیرون ممالک سے 20 وینٹی لیٹرز بھی منگوائے ہیں، جن میں سے 10 آچکے ہیں جب کہ 10 آنے والے ہفتوں میں بھارت پہنچیں گے، جنہیں مختلف اسپتالوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ امیتابھ بچن کے مطابق انہوں نے حالیہ مہینوں میں مختلف اسپتالوں کو چلانے کے لیے نہ صرف مالی وسائل بلکہ آلات کی صورت میں بھی ان کی مدد کی ہے جب کہ دہلی میں گوردوارے میں آکسیجن اور طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے میں بھی انہوں نے کردار ادا کیا۔

تازہ ترین