• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطینی اداکارہ میساء عبدالھادی اسرائیلی فوج کے حالیہ حملوں میں زخمی

غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک)’بغداد سینٹرل، تل ابیب آن فائرز، دی رپورٹس آف سارہ اینڈ سلیم، دی اینجل، دی ورتھ اور آئیز آف اے تھیف‘ جیسی تھرلر کرائم فلموں اور ویب سیریز میں جلوہ گر ہونے والی فلسطینی اداکارہ 35 سالہ میساء عبدالھادی بھی اسرائیلی فائرنگ میں زخمی ہوگئیں۔شوبز ویب سائٹ ڈیڈ لائن کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں پر کیے جانے والے حالیہ حملوں کے دوران میساء عبدالھادی بھی زخمی ہوئیں، جنہیں فوری علاج فراہم کیا گیا۔رپورٹ میں اداکارہ کی جانب سے کی گئی سوشل میڈیا پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ اداکارہ کو ایک پرامن مظاہرے میں شرکت کے دوران فائرنگ کرکے زخمی کیا گیا۔میساء عبدالھادی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف دیگر عام شہریوں کے ہمراہ حیفا نامی علاقے میں پر امن مظاہرے میں شریک تھیں کہ ان سمیت دیگر مظاہرین پر حملہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ وہ دیگر شہریوں کے ہمراہ پر امن مظاہرے میں شرکت کرکے دنیا کو اسرائیل کا بھیانک چہرہ دکھانا چاہتی تھیں اور دنیا کو بتانا چاہتی تھیں کہ فلسطینیوں پر کتنے ظلم کیے جا رہے ہیں۔اداکارہ نے لکھا کہ مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوج نے اچانک پُرامن مظاہرین پر آنسوں گیس سمیت دیگر گرنیڈ اور گولیوں سے فائرنگ کردی اور اسی دوران ہی انہیں بھی ٹانگ میں کوئی چیز لگی، جس کی وجہ سے انہیں شدید تکلیف ہوئی اور ان کی ٹانگ سے کافی خون بہا۔میساء عبدالھادی کے مطابق ان کی ٹانگ سے خون کو بہتے ہوئے دیکھ کر ایک نوجوان مدد کے لیے ان کے پاس آیا، جس کے بعد دیگر لوگوں نے انہیں طبی امداد کے لیے منتقل کیا۔میساء عبدالھادی نے مذکورہ پوسٹ انگریزی اور عربی سمیت ہیبریو زبان میں بھی شیئر کی۔

تازہ ترین