• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندری طوفان تاؤتے سے متعلق چھٹا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق تاؤتے شدید ترین سمندری طوفان بن چکا ہے جبکہ 15 کلو میٹر کی رفتار سے طوفان کا رخ شمال مغرب کی جانب ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 100 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، سمندری طوفان 18 مئی کی صبح بھارتی گجرات پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا سمندری طوفان تاؤتے سے متعلق کہنا ہے کہ ٹراپیکل سائیکلون ٹریک میں تبدیلی پر سندھ کے بعض شہروں کے موسم میں تبدیلی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے شہر ٹھٹہ، سجاول، میرپورخاص، سانگھڑ، بدین، عمرکوٹ میں 17 سے 19 مئی تک تیز ہوائیں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سندھ کے ساحلی شہروں میں گرد آلود ہوائیں، تو کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات  کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ کراچی، حیدر آباد اور شہید بے نظیر آباد کا موسم اگلے دو روز تک گرم سے شدید گرم رہے گا جبکہ کراچی میں تیز گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ماہی گیر سمندر میں طغیانی کے باعث 19 مئی تک کھلے سمندر میں نہ جائیں۔

تازہ ترین