وفاقی حکومت مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے معاملے میں مزید متحرک ہوگئی ہے۔
وفاقی حکومت نے شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کردی ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان میں شہباز شریف سے متعلق اپیل پر جلد سماعت کی متفرق درخواستیں دائر کی گئیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ انصاف کےتقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپیل جلد سماعت کیلئے مقرر کی جائے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ کیس سے درخواست گزار کے حقوق وابستہ ہیں، کس پر جلد سماعت نہ ہونے سے ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔
وفاقی حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کے 7 مئی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے، اس فیصلے میں عدالت عالیہ نے شہباز شریف کو علاج کے لیے ون ٹائم بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔