• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چگ ویل میں سائناگاگ کے باہر حملے میں ربی زخمی،ہسپتال لے جانا پڑا

لندن (پی اے) چگ ویل میں سائناگاگ کے باہر حملے میں ربی رفیع گڈون زخمی ہوگئے، جس پر انھیں طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جانا پڑا۔ کمیونٹی لیڈرز نے ربی کی مدد کی۔ ایسیکس پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کو دوپہر 1:15 بجے نسلی بنیاد پر حملے کی خبر ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے خیال میں دو کمسن لڑکے ربی کی گاڑی کے سامنے آگئے، وہ اس پر چیخے اور ان کے مذہب کے بارے میں توہین آمیز باتیں کرنے کے بعد ان کی کار کو نقصان پہنچایا۔ جب ربی، جن کی عمر 30 سال کے قریب ہے، ان کا مقابلہ کرنے کیلئے کار سے باہر نکلے تو ان پر کسی شے سے حملہ کردیا گیا، جس سے وہ زخمی ہوگئے اور انھیں ہسپتال میں طبی امداد کی ضرورت پڑگئی۔ پولیس کے مطا بق حملے کے دوران ربی کا فون بھی چوری ہوگیا، دونوں لڑکے، جن کی عمریں 15 سے 18 سال کے درمیان بتائی جاتی ہے، پیدل ہی جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔ دونوں ہی کا تعلق ایشیائی نسل سے بتایا جاتا ہے۔ ان میں سے ایک کا قد 5 فٹ 9 انچ اس کے بال افرو طرز کے تھے اور وہ ایک سیاہ جیکٹ پہنے ہوئے تھا، دوسرے کا قد 5 فٹ7 انچ بتایا جاتا ہے، وہ بھی ایک سیاہ جیکٹ اور گرے رنگ کا ٹریک سوٹ پہنے ہوئے تھا۔ ایسیکس پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اس واقعے کا تعلق فلسطینیوں کی حمایت میں بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں سے نہیں ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ یہ واقعہ مقامی علاقے کیلئے باعث تشویش ہے اور ہم ملزمان کی شناخت کیلئے کمیونٹی لیڈرز کے تعاون سے تیزی سے کام کر رہے ہیں اور اس واقعے سے متاثر ہونے والوں کی مزید کسی امداد کے حوالے سے کمیونٹی لیڈرز کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ ریڈ برج کونسل کے رہنما جس اسوال کا کہنا ہے ایسیکس پولیس نے تصدیق کی ہے کہ وہ ربی رفیع پر حملے کے اس واقعے کو صہیون مخالف نفرت انگیز جرم تصور کرتی ہے لیکن وہ اس واقعے کو اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال کا نتیجہ تصور نہیں کرتی۔ صہیون مخالفت کی ہمارے معاشرے میں کوئی جگہ نہیں ہے، اگر کسی کو اس بزدلانہ حملے کے حوالے سے کچھ معلوم ہو تو وہ پولیس سے رابطہ کرے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنی کمیونٹی پر فخر ہے اور ریڈبرج کی کمیونٹی کے تمام لوگ اس حملے کی مذمت کرتے ہیں اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ نیو ویسٹ اینڈ سائناگاگ کے ربی موشے فریڈ مین نے اس حملے پر لوگوں سے ربی رفیع کیلئے دعا کرنے کی اپیل کی ہے، اس حملے کے بعد ربی ہرشل گلوک نے بتایا کہ جب بھی کوئی اس طرح کے حملے کا نشانہ بنتا ہے تو مجھے شدید صدمہ ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ شخص خود اس کی فیملی اس کے ساتھ عبادت کرنے والے اور اس کے دوست سب ہی اس سے متاثر ہوتے ہیں، اگر وہ تنہا بھی ہو تو بھی اس کے اثرات بہت گہرے ہوتے ہیں۔ اگر کسی فرد کو اس حوالے سے کچھ معلومات ہوں تو ان کو سی آئی ڈی سے رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے۔
تازہ ترین