• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کیلئے 23ارب خرچ نہیں کرسکتے، فواد چوہدری


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو فائدہ دینے کیلئے حکومت 23ارب روپے خرچ نہیں کرسکتی۔

نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ تمام ادارے آئین کے مطابق کام کریں تو ہمارا کسی کے ساتھ جھگڑا نہیں ہے، غزہ سے صحافی وفا العدینی نے بتایا کہ اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے ہی غزہ میں سولر پلانٹس کام نہیں کررہے۔

بارڈر بند ہونے کی وجہ سے ہمارے پاس فیول بھی نہیں ہے،اس وقت روزانہ صرف تین گھنٹے بجلی ہوتی ہے جبکہ کچھ علاقوں میں پانی بالکل بھی نہیں ہے،غزہ پر اسرائیلی حملے سے پہلے کورونا کی وجہ سے پہلے ہی اسپتالوں پر بوجھ تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ غلام سرور خان نے کابینہ اجلاس میں رنگ روڈ اسکینڈل کی بھرپور تحقیقات کی حمایت کی ہے، رنگ روڈ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ ابتدائی ہے متعلقہ ادارے اس رپورٹ پر تحقیقات کریں گے۔

پنجاب حکومت نے مکمل تحقیقات کیلئے انکوائری رپورٹ متعلقہ اداروں کو بھیج دی ہے، رنگ روڈ پنڈی منصوبہ بہت زبردست ہے، وزیراعظم کو ایک انجینئرنے پیغام پہنچایا کہ رنگ روڈ کی الائنمنٹ میں ایک بہت بڑا انجینئرنگ ڈیفالٹ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رنگ روڈ پر ویسے اسپیڈ 120کلومیٹر ہے لیکن سنجانی پر اس سڑک کو چھوٹا کردیا گیا ہے جہاں اسپیڈ 90کلومیٹر ہوگئی ہے اس لئے یہاں پر حادثات ہوں گے، متعلقہ محکموں نے وزیراعظم کو بتایا کہ رنگ روڈ کی الائنمنٹ تبدیل نہیں کی گئی۔

وزیراعظم آفس نے ابتدائی انکوائری کی تو پتا چلا کہ الائنمنٹ تبدیل کر کے 29کلومیٹر روڈ اضافی شامل کیا گیا ہے، اس طرح یہ روڈ اٹک لوپ تک چلا گیا جس سے وہاں سات آٹھ ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور کچھ لوگوں کو بہت فائدہ ہوا، کمشنر راولپنڈی کی ابتدائی تحقیقات میں دو سیٹس بنائے گئے ہیں۔

ایک سیٹ وہ ہے جس میں نام سامنے ہیں ان میں سابق کمشنر راولپنڈی، سابق لینڈ کلیکٹر، شہباز شریف کے سابق سیکرٹری توقیر شاہ سمیت کچھ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے نام آتے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جنہیں 29کلومیٹر روڈ اضافہ کرنے سے براہ راست فائدہ ہوا ہے جبکہ باقی لوگوں کے نام تفصیلی تحقیقات سے سامنے آئیں گے۔ 

فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ حکومتی ایکشن سے قوم کے 23ارب روپے بچائے گئے ہیں، کچھ لوگ رپورٹ پڑھے بغیر ٹی وی پر آکر بھاشن دے رہے ہیں، نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو فائدہ دینے کیلئے حکومت 23ارب روپے خرچ نہیں کرسکتی، رنگ روڈ الائنمنٹ تبدیل کرنے کیلئے پی پی پی اتھارٹی اور بورڈ آف ریونیو کو بائی پاس کیا گیا۔ 

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت پاکستانی تاریخ کی پہلی حکومت ہے جس نے اپنے دور میں ہونے والے اسکینڈلز پر انکوائری کر کے اسے پبلک کیا، چینی اسکینڈل کا نوٹس لینے کے بعد وہ شوگرملیں جو ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں تھیں ان سے 300فیصد زیادہ ٹیکس وصول ہورہا ہے۔

پٹرولیم کمپنیاں اب ان تمام ایس او پیز پر عمل کررہی ہیں جن پر پاکستان کی تاریخ میں کبھی عمل نہیں ہوا، چینی کی قیمت بڑھی ہے تو گنے کی قیمت بھی 130سے بڑھ کر 270روپے پر چلی گئی ہے۔

تازہ ترین