• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس انسپکٹر کے قتل میں ملوث میاں بیوی گھر میں فائرنگ سے ہلاک

کراچی شرقی کے علاقے گلستان جوہر میں نامعلوم ملزمان نے ایک فلیٹ میں گھس کر میاں بیوی کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ 

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق واردات آج صبح 8 بج کر 26 منٹ پر ہوئی۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی کے مطابق یہ واردات شاہراہ فیصل تھانے کی حدود گلستانِ جوہر کے رہائشی اپارٹمنٹس بلیز گارڈن میں ہوئی، نامعلوم ملزمان کی جانب سے فائرنگ سے ہلاک کئے گئے جعفر حسین اور ان کی اہلیہ فوزیہ جعفر کراچی پولیس کے ایک انسپکٹر کے قتل میں ملوث ملزمان کے سہولت کار تھے، ہلاک میاں بیوی کراچی میں پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ملزم واحد عرف فوجی جلبانی کے سہولت کار تھے۔ 

پولیس کے مطابق واحد عرف فوجی جلبانی گلستانِ جوہر تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او رحیم شاہ کو گلستان جوہر میں حملے میں شہید کرنے کا مرکزی ملزم تھا۔ 

ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق مقابلے میں ہلاک ملزم واحد عرف فوجی جلبانی دونوں میاں بیوی کے ساتھ ان کے فلیٹ میں آکر رکتا تھا، پولیس کے مطابق رحیم شاہ کے قتل کے بعد چھاپے کے دوران ملزمان فوزیہ جعفر کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ اس کا شوہر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ 

بعد ازاں دونوں میاں بیوی نے عدالت سے ضمانت حاصل کر رکھی تھی۔

ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق پولیس کو ابتدائی تفتیش میں شبہ ہے کہ دونوں میاں بیوی کو مبینہ طور پر فوجی جلبانی کے گروہ کے ملزمان نے پولیس کو مخبری کے شبہ میں قتل کیا ہے۔

اپارٹمنٹس کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو ملزمان آج صبح 8 بج کر 22 منٹ پر بلیز اپارٹمنٹ بلاک 6 میں پہنچے، کچھ دیر میں ایک شخص سیڑھیوں سے نیچے اتر کر آیا جس نے دونوں ملزمان کو فلیٹ کے بارے میں بریفنگ دی گئی، تینوں ملزمان لفٹ میں بیٹھ کر ساتویں منزل پر واقع فلیٹ نمبر 602 پر پہنچے۔ 

8 بج کر 28 منٹ پرتینوں ملزمان کو تیزی سے واپس بھاگ کر سیڑھیوں سے اترتے دیکھا جاسکتا ہے، تینوں ملزمان ایک ہی موٹر سائیکل پر بیٹھے اور فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جائے وقوع سے پولیس کو 4 خول ملے ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے۔

تازہ ترین