وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل میں فلسطین کے معاملے پر یکجہتی کی کاوشوں کو امریکا نے ویٹو کردیا جبکہ آج امریکا کے اندر سے فلسطین کے حق میں آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے فلسطین کے حوالے سے جاری سفارتی کاوشوں سے متعلق اپنے بیان میں کہا کہ کوشش ہے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم رکوانے کیلئے او آئی سی پلیٹ فارم موثر انداز میں استعمال کریں۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش اور کوشش ہے کہ اس مسئلے پر امہ یکجا ہو، او آئی سی کے پلیٹ فارم سے ہم جتنی موثر آواز اٹھا سکتے تھے ہم نے اٹھائی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ آج میں ترک اور فلسطین کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ نیویارک روانہ ہو رہا ہوں جبکہ سوڈانی وزیر خارجہ بھی ہمارے ساتھ نیویارک روانہ ہوں گی۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ انشاء اللّہ 20 تاریخ، جمعرات ہم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اس معاملے کو اٹھائیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ لندن میں 2 لاکھ 42 ہزارسے زیادہ لوگوں نے فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف پٹیشن پر دستخط کیے، دستخط کا مقصد ہے کہ ایوان نمائندگان میں اس پر بحث ہو سکے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ یورپ کے باسیوں نے اپنی حکومتوں کی سوچ کو متاثر کیا ہے۔