• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک افغان معاشی ترقی بل امریکی سینیٹ میں پیش کردیا گیا


امریکی فورسز کے افغانستان سے انخلا کے بعد پاک افغان جنگ زدہ سرحدی علاقوں میں دیرپا استحکام اور قیام امن کو یقینی بنانے کیلیے امریکا کی دونوں بڑی جماعتوں ریپبلیکن اور ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماؤں نے پاک افغان معاشی ترقی بل امریکی سینیٹ میں پیش کیا ہے۔

 اس بل کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سابقہ فاٹا، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں ڈیوٹی فری ایکسپورٹ زونز بنائے جائیں گے۔

اس حوالےسے امریکی سینیٹر کرس وین ہالن اور پاک امریکا صحافیوں کے درمیان کل ورچوئل کانفرنس ہوئی۔

کراچی میں پیدا ہونے والے امریکی سینیٹر Van Hollen نے بتایا کہ اُنہیں بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے اس بل پر حوصلہ افزا رسپانس ملا ہے۔ ان زونز کا مقصد جنگ زدہ علاقوں میں یکساں معاشی مواقعوں کی فراہمی، انتہاپسندی کے خاتمے اور دیرپا استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

بل کے تحت قائم زونز سے پاکستان ٹیکسٹائل اور ٹیکسٹائل مصنوعات، امریکی منڈی میں ڈیوٹی فری برآمد کرسکے گا۔

جیو نیوز کے اینکرپرسن شہزاد اقبال کے سوالات کے جواب میں سینیٹر Van Hollen نے کہا کہ ان زونز کے انتظام اور سیکیورٹی میں امریکا کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا بلکہ یہ تمام معاملات صرف پاکستانی حکومت دیکھے گی۔

سینیٹر Van Hollen نے مزید کہا کہ اگر پاکستان میں اس منصوبے پر عمل ہوتا ہے تو یہ سہولت حاصل کرنے کیلیے پاکستان کو کچھ اہم شرائط پر پورا اترنا ہوگا، جن میں مارکیٹ بیسڈ اکانومی، کرپشن کے خاتمے سے متعلق اقدامات، امریکی تجارت و سرمایہ کاری کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا اور ان زونز میں کام کرنے والے مزدروں کے لیے بین الاقوامی لیبر معیارات کو یقینی بنانا شامل ہے۔

 پاکستان کو دہشتگردی کیلیے کسی بھی قسم کی سہولتکاری روکنے سمیت ہر اُس کوشش یا کارروائی کو بھی روکنا ہوگا جس سے امریکی قومی سلامتی کے مفادات کو خطرہ لاحق ہو۔

انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں ان زونز کا قیام دیرپا امن اور استحکام کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہوگا۔

یہ بل پہلی بار 2009 میں پیش کیا گیا تھا مگر اس کے بعد بل پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ اب 12سال بعد دوبارہ اس بل کی منظوری کیلیے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔

دیکھنا ہوگا کہ آیا یہ بل ایسی شکل میں منظور ہوسکے گا جس سے تمام فریقین کو یکساں فوائد حاصل ہوسکیں۔

تازہ ترین