• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہانگیر ترین گروپ عمران کا حامی، بزدار کے خلاف، پنجاب حکومت انتقامی کارروائی کررہی ہے، جہانگیر ترین، ان کا گروپ عمران کو ووٹ دے گا، شیخ رشید

جہانگیر ترین گروپ عمران کا حامی، بزدار کے خلاف


لاہور، اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کا گروپ وزیر اعظم عمران خان کا حامی جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کیخلاف ہوگیا۔

جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت انتقامی کارروائیاں کررہی ہے کوئی فارورڈ بلاک نہیں بنایا، پی ٹی آئی میں ہیں، ہمارے ساتھیوں پر ڈباؤ ڈالا جارہا ہے، متحد ہو کر پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائیوں کامقابلہ کرینگے، ادھر پی ٹی آئی میں جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے پنجاب کے بعد اب خیبر پختونخوا میں بھی انٹری دیدی، راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ انہیں 5؍ ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ جہانگیر ترین کا گروپ بجٹ میں عمران خان کو ووٹ دیگا،پارٹی میں چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں، یہ کوئی بڑا ایشو نہیں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا ہے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں واضح اکثریت موجود، پنجاب اور مرکز کا بجٹ منظور کرانے میں کوئی دقت پیش نہیں آئیگی۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ہم پی ٹی آئی کا حصہ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ 

عمران خان انصاف پسند آدمی ہیں، ہمیں ضرور انصاف ملے گا ۔ایف آئی اے کو مکمل منی ٹریل دیدی ہے، میرے گروپ کے ساتھ پنجاب حکومت کا رویہ نامناسب ہے، پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائیاں بند ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ وضاحت ضروری ہے کہ دو مسائل ہیں، پہلا مسئلہ جہانگیر اور ایف آئی اے کا، جسکے ساتھ میرے تمام دوست کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب میرے دوست وزیر اعظم عمران خان سے ملے تو وہ خوش دلی سے ملے اور علی ظفر کو معاملے کی انکوائری کیلئے نامزد کیا،ہمیں علی ظفر کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ 

جہانگیر ترین نے کہا کہ ہم متحد ہوکر انتقامی کارروائیوں کا مقابلہ کرینگے، ایف آئی اے نے جس جس معاملے پر سوال اٹھایا تھا انہیں دستاویزات حوالے کردیئے گئے تمام منی ٹریل فراہم کردی ہے ۔علی ظفر کی رپورٹ جلد منظر عام پر آجائیگی۔ 

جہانگیر ترین نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ہمارے ساتھ کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی اور انصاف ملے گا تو مجھے ان پر پورا یقین تھا وزیر اعظم عمران خان انصاف پسند انسان ہیں اور انصاف کے تقاضے پورا کرینگے۔

جہانگیر ترین نے الزام لگایا کہ اس کے بعد یہ ہوا کہ پنجاب حکومت نے میرے ساتھیوں کے ساتھ انتقامی کارروائیاں شروع کردیں اس دباؤ کے پیش نظر میرے ساتھیوں نے فیصلہ کیا کہ پنجاب میں آواز اٹھائیں گے۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ اس کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت پر تھی جو بالکل غلط رویہ تھا اور انہوں نے افسران کے تبادلے کرنا شروع کردیے تھے یاد رکھیں یہ گروپ کل نہیں بنا بلکہ تین مہینے پہلے بنا تھا، یہ تاثر غلط ہے کہ یہ گروپ کل بنا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی پالیسی کیخلاف میرے ساتھیوں پر ڈباؤ ڈالا جارہا ہے اور صوبائی اسمبلی میں اس دباؤ کیخلاف آواز اٹھانے کیلئے ضروری تھا کہ ہم ایک رکن صوبائی اسمبلی کو نامزد کرتے تاکہ وہ رہنمائی کریں۔

جہانگیر ترین نے پنجاب حکومت پر زور دیا کہ وہ انتقامی کارروائی سے باز رہیں کیونکہ وہ جن اراکین صوبائی اسمبلی پر دباؤ ڈال رہے ہیں دراصل وہ ہی آپ کی حکومت کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ایف آئی آرز میں 31مئی تک توسیع ہوگئی ہے، عدالت نے ایف آئی اے کو تفتیش مکمل کرنے حکم دیا ہے، تینوں ایف آئی آرز میں چینی مافیا کا کوئی ذکر نہیں۔ 

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ بجٹ میں عمران خان کو ووٹ دے گا، پارٹی میں چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں، پی ٹی آئی جیسی بڑی سیاسی جماعت کیلئے یہ کوئی بڑا ایشو نہیں۔

سعودی عرب کا دورہ بہت کامیاب رہا،سعودی عرب سے ایسے اچھےتعلقات پہلے کبھی نہیں تھے،جمعہ کو لال حویلی کے باہر فلسطین سے یکجہتی کیلئے جلسہ ہوگا، ہمارے دو بڑے پراجیکٹ ہیں، ایک نالہ لئی دوسرازچہ وبچہ اسپتال، یہ دونوں بن گئے تو راولپنڈی مکمل ہو جائیگا۔ 

زچہ بچہ اسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال چار سو بیڈ پر ہوگا اور راولپنڈی کاماڈرن اسپتال ہوگا ۔ ہم راولپنڈی کے عوام وزیر اعظم سے کچھ نہیں مانگتے سب وعدہ آپ نے پورے کردئیے۔ جبکہ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ جہانگیر خان ترین کی پریس کانفرنس سے تمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئی ہیں۔

حکومت کے پاس سینیٹ اور قومی اسمبلی میں واضح اکثریت موجود ہے، پنجاب اور مرکز کا بجٹ منظور کرانے میں کوئی دقت پیش نہیں آئے گی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

ادھر پی ٹی آئی میں جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے پنجاب کے بعد اب خیبر پختونخوا میں بھی انٹری دیدی۔ خیبر پختونخوا کے ارکان قومی اسمبلی کی حمایت حاصل کرنے کیلئے ہم خیال گروپ کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر راجا ریاض کو ٹاسک سونپا گیا ہے۔

تازہ ترین