چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ غیر معمولی معاشی تباہی پھیلانے والے عمران خان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ معاشی ترقی کے جھوٹے دعوے پر پی ٹی آئی حکومت کو شرم آنی چاہئیے۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ خیبرپختون خوا میں شرح غربت 27 فیصد پر پہنچ چکی ہے جبکہ سندھ میں پی پی کی حکومت میں شرح غربت میں 7.6 فیصد کمی ہوئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کی فی کس آمدنی بھی ملک بھر میں سب سے زیادہ ہوچکی ہے، ایک جانب ملک میں غربت کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے اور دوسری جانب عمران خان ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن پر بھی ٹیکس لگانا چاہتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم ریٹائرڈ ملازمین سے پینشن پر 10 فیصد ٹیکس لینے کا منصوبہ مسترد کرتے ہیں۔
چیئرمین پی پی نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی عمران خان کی عوام دشمن پالیسیوں کا ہر فورم پر مقابلہ کرے گی۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عمران خان کو آزمانے والوں نے پاکستان کے عوام کو بدترین آزمائش میں مبتلا کردیا ہے۔