• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا سے متعلق محکمہ داخلہ سندھ کا نیا حکم نامہ


محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

نئے حکم نامے میں محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں اسکول ، کالجز اور یونیورسٹیز مزید 2 ہفتے کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکم نامے کے مطابق صوبے میں شادی ہالز ، ایکسپو ہالز، انڈور گیمز ، پارکس ، گیمنگ زونز اور تمام سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق اس دورانیے میں بیوٹی پارلر، بیوٹی کلینکس ، سینما گھر ، تھیٹر ، مزارات اور تمام فوڈ اسٹریٹس بند رہیں گی۔

حکم نامے کے مطابق ان دونوں کے لیے ریسٹورنٹس میں ڈائیننگ بند رہے گی جبکہ ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔

نئے حکم نامے کے مطابق انٹرسٹی، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق صوبے میں کاروبار صبح 5 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگا، شاپنگ مالز کے اندر قائم میڈیکل اسٹور ز بھی شام 6 بجے بند ہوں گے۔

حکم نامے کے مطابق اسپتالوں ، میڈیکل اسٹورز ، پیٹرول پمپ 24 گھنٹےجبکہ بیکریاں اور دودھ کی دکانیں رات 12 بجے تک کھلی رہیں گی۔

نئے حکم نامے کے مطابق جمعہ اور اتوار سیف ڈیز ہوں گے، ان دونوں حیدر آباد اور کراچی میں کاروبار بند رہے گا۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق صنعتوں،مارکیٹس اوردکانوں کے ملازمین ایس اوپی کے تحت کام کریں گے، اس دوران سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا جائے گا۔

حکم نامے کے مطابق ڈپٹی کمشنرز اور پولیس ایس او پی پر سختی سے عمل کرانے کی پابند ہوگی، احکامات پر عمل درآمد کے لیے پولیس اور یونیو حکام کو نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی اور جنوبی میں، حیدر آباد اور سکھر میں ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کی جائے ۔

حکم نامے کے مطابق کورونا وائرس کی زیادہ شرح والے علاقوں میں لوگوں کی نقل وحمل محدود کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت کے ساتھ مل کر ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کرے۔

تازہ ترین