سکھر (بیورورپورٹ/ چوہدری محمد ارشاد ) وفاقی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے پی ڈی ایم اپنے ہی وزن تلے دب چکی ہے،پی ڈی ایم کی تحریک اب ختم ہوچکی ہے اور اس وقت سیاسی ہلچل کم ہے، کہیں پر بھی کوئی خطرہ نہیں حالات سب ٹھیک ہیں، میاں نواز شریف کو وطن واپس آنے کا مشورہ دیتا ہوں لندن دیار غیر جگہ ہے، پاکستان ان کاملک ان کی دھرتی ہے، وہ پاکستان آئیں سرکار ان کی بہتر طریقے سے دیکھ بھال کرتے ہوئے محفوظ جگہ پر رکھے گی، پاکستان میں محفوظ جگہ جیل سے زیادہ کوئی نہیں ہے، کیونکہ وہ جیل سے ہی گئے تھے، وزیر اعظم عمران خان کی سیاست کی بنیاد انصاف ہے اور وہ اپنے سیاست کے بنیاد سے کبھی نہیں ہٹیں گے۔ وہ سکھر ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف پر لندن میں حملہ ہونے کی ہمیں اطلاعات نہیں ہیں کیونکہ ہم پاکستان میں ہیں اور میاں نواز شریف لندن میں ہیں، اگر ان پر حملہ ہوا ہے تو میرا مشورہ ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے ملک واپس آجائیں۔