• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین نیب پارلیمانی کمیٹیوں سے بچ رہے ہیں، سلیم مانڈوی والا

سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ آج نہیں تو کل نیب آرڈیننس میں ترامیم ہونی ہی ہیں، چیئرمین نیب پارلیمانی کمیٹیوں سے بچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ سینیٹرز نےطےکیا ہے کہ خط لکھ کر حساب مانگیں گے کہ جب سے نیب بنا اب تک اس کے اپنے اخراجات کتنے ہیں؟

سلیم مانڈوی والا نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جج صاحب نے نیب کو پھر 15 دن کا وقت دیا ہے کہ کچھ ہے تو لےآئیں۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ نیب کہتا ہے24 ارب ریکور کرلیے،اس سے پتہ چلتا ہے نیب کتنا جھوٹ بول رہا ہے، کچھ سینیٹرزنےطے کیا ہےخط لکھیں گےکہ یہ 24 بلین قومی خزانے میں کب جمع ہوا؟ ہم یہ حساب مانگیں گے کہ جب سے نیب بنا اب تک اس کے اپنے اخراجات کتنے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ براڈشیٹ کو دیے گئے 35 ملین کا معاملہ بھی سامنے نہیں آیا، آج نہیں تو کل نیب آرڈیننس میں ترامیم ہونی ہی ہیں، چیئرمین نیب پارلیمانی کمیٹیوں سے بچ رہے ہیں۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ کسی بیوروکریٹ، فیڈرل سیکریٹری کا بیان لے لیں وہ بھی نیب کےخلاف ہیں۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت اسلام آباد نے کڈنی ہلز ریفرنس میں سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا و دیگر پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 10جون تک موخر کردی ہے۔

تازہ ترین