احتساب عدالت اسلام آباد نے کڈنی ہلز ریفرنس میں سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا و دیگر پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 10جون تک موخر کردی۔
کڈنی ہلز ریفرنس میں فرد جرم کیلئے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جج محمد بشیر کے روبرو سلیم مانڈوی والا پیش ہوئے جبکہ دوسرے ملزم عبدالقادر نے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔
جج احتساب عدالت محمد بشیر نے ریمارکس میں کہا کہ آج تو فرد جرم ہونی ہے آج تو سب نے حاضر ہونا تھا،اس پر عبدالقادر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرے مؤکل کی 11مئی کو سرجری ہوئی ہے، ڈاکٹر نے مہینہ آرام کرنے کا کہا ہے۔
اس موقع پر ملزم عبدالقادر کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کی گئیں، وکیل قاسم عباسی نے کہا کہ عدالت ملزم پر ویڈیو لنک کے ذریعے فردِجرم عائد کرے،اس پر جج نے کہا کہ پتہ کر کے بتائیں ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم کیلئے کیا وہ دستیاب ہیں؟
جج نے ریمارکس میں کہا کہ کوشش کریں اگر آج ہو سکے تو آج ہی ویڈیو لنک پر فرد جرم عائد کی جائے، وکیل کو ملزم سے رابطہ کر کے عدالت کو آگاہ کرنے کی ہدایت کردی گئی جس کے بعد سماعت میں وقفہ دیدیا گیا۔
وقفہ کے بعد احتساب عدالت نے سلیم مانڈوی والا و دیگر پر فرد جرم کی کارروائی 10جون تک موخر کردی اور شریک ملزم عبدالقادر کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔
وکیل ملزم نے کہا کہ عبدالقادر آئندہ سماعت پر خود عدالت پیش ہوجائیں گے، اس پر جج محمد بشیر نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔