وزیراعظم عمران خان نے اپنے دور حکومت میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی کی تعریف کردی۔
نیب کارکردگی سے متعلق اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ جب حکومت مجرموں کو تحفظ نہیں دیتی تو نتائج سامنے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 3 سال دور میں نیب نے 484 ارب روپے ریکور کیے ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ اس کے مقابلے میں اسی نیب نے 1999 سے 2017ء کے دوران صرف 290 ارب روپے ریکور کیے تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب حکومت احتساب کے عمل میں مداخلت نہیں کرتی تو نتائج سامنے آتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نیب کے حوالے سے بعض تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
دوسری طرف مسلسل تنقید سامنے آنے پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے بھی بیان جاری کیا تھا اور ناقدین پر کھل کر جواب دیا تھا۔