وزیراعظم عمرا ن خان نے سی پیک منصوبے کو تیزی سے مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں چینی سفیر نے ملاقات کی اور پاک چین دو طرفہ تعلقات اور سی پیک سے متعلق امور پر بات چیت کی۔
ملاقات میں پاک چین سفارتی تعلقات کی 72ویں سالگرہ اور ویکسین کی فراہمی پر گفتگو کی گئی۔
عمران خان نے اس موقع پر پاک چین تعلقات کو مزید بڑھانے اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ حکومت سی پیک کو اولین ترجیح دینے کا عزم رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبے تیزی سے مکمل کرنے جارہے ہیں۔
اس دوران چینی سفیر نے وزیراعظم کو چینی صدر کی سی پی سی میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ عمران خان کو عالمی سیاسی پارٹیز سربراہ کانفرنس میں مدعو کیا گیا ہے۔
چینی سفیر نے مزید کہا کہ چین کورونا سے نمٹنے میں پاکستان کی ضروریات پوری کرے گا اور مدد جاری رکھے گا۔
دوران گفتگو وزیراعظم عمران خان اور چینی سفیر میں دو طرفہ تبادلوں کی رفتار جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔