• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر انتخابات: بلاول بھٹو نے مزید تین امیدواروں کے ناموں کی منظوری دے دی

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے مزید تین امیدواروں کے ناموں کی منظوری دے دی۔

آزاد جموں کشمیر ایل اے 12 کوٹلی 5 سے چوہدری یاسین، آزاد جموں کشمیر ایل اے 20 سدھنوتی پونچھ 3 سے سردار یعقوب اور آزاد جموں کشمیر ایل اے 26 نیلم ویلی 2 سے میاں وحید پیپلزپارٹی کے امیدوار ہوں گے۔ 

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے لئے تین نئے امیدواروں سمیت اب تک 45 میں سے 34 امیدواروں کے ناموں کی منظوری دے چکے ہیں۔ 

آزاد جموں و کشمیر کے حوالے سے قائم پی پی پی پارلیمانی بورڈ کے سربراہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دیگر 11 حتمی امیدواروں کے ناموں کا فیصلہ بعد میں کریں گے۔

پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے خواہش مند امیدواروں کے انٹرویوز کے لئے پی پی پی پارلیمانی بورڈ کے سات اجلاسوں کی سربراہی کی۔ 

آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے حوالے سے قائم پی پی پی پارلیمانی بورڈ نے 45 حلقوں کے لئے 196 امیدواروں کے انٹرویوز کئے۔

آزادجموں و کشمیر انتخابات کے حوالے سے قائم پی پی پی پارلیمانی بورڈ نے مظفر آباد ڈویژن کے 59 خواہش مند امیدواروں کے انٹرویوز کئے۔ 

پارلیمانی بورڈ نے میرپور ڈویژن کے 51 خواہش مند امیدواروں اور پونچھ ڈویژن کے 61 خواہش مند امیدواروں کے انٹرویوز کئے۔

پارلیمانی بورڈ نے جموں اینڈ ویلی کی 12 نشستوں کے لئے 25 خواہش مند امیدواروں کے انٹرویوز کئے۔

آزادجموں و کشمیر انتخابات کے حوالے سے قائم پی پی پی پارلیمانی بورڈ میں فریال تالپور، نیر بخاری، راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، چوہدری لطیف اکبر، فیصل راٹھور، چوہدری پرویز اشرف، جاوید ایوب، چوہدری عبدالمجید، سردار یعقوب خان، چوہدری یاسین، میاں عبدالوحید، سردار قمر زمان، نبیلہ ایوب، فخرزمان گل پیرا اور عامرعبدالغفار لون شامل ہیں۔

تازہ ترین