• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کی عدم موجودگی، چوہدری نثار سے پنجاب اسمبلی رکنیت کا حلف نہیں لیا گیا

لاہور(نمائندہ جنگ )سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی عدم موجودگی کے باعث اسمبلی رکنیت کا حلف نہیں لیا گیا ۔ اس موقع پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میں کسی سیاسی کھیل کا حصہ نہیں ، عمران خان ٹھنڈا کرکے کھائیں جبکہ اسمبلی سیکرٹری کا کہنا ہے کہ عدالتی اسٹے چیک کرنے کیلئے دو دن کا وقت مانگا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار علی خان اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھانے پنجاب اسمبلی پہنچے توان کے حامیوں نےپھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے استقبال کیا ۔ اسمبلی سیکرٹریٹ پہنچنے کے بعد چوہدری نثار علی خان نے سیکرٹری اسمبلی کو آگاہ کیا کہ وہ حلف لینے کیلئے آئے ہیں جس کے بعد انہیں اسمبلی چیمبر میں بٹھا دیا گیا ۔ وزیر قانون راجہ بشارت اور سیکرٹری اسمبلی نے چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی اور انہیں آگاہ کیا کہ گورنر پنجاب کی بیرون ملک روانگی کی وجہ سے سپیکر چوہدری پرویز الٰہی قائمقام گورنر کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری بھی موجود نہیں جس پر چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ اسمبلی رولز کے مطابق پینل آف چیئرمین حلف لے سکتے ہیں ،چودھری نثار علی خان کے حلف اٹھانے کے معاملے پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے واضح کیا ہے کہ چوہدری نثار کاحلف لینے سے انکار نہیں کیا، دراصل اس معاملے میں تین پٹیشن راولپنڈی ہائیکورٹ اور دو پٹیشن لاہور ہائیکورٹ میں دائر ہیں، اس لئے صرف یہ دیکھنے کیلئے دو دن کا وقت مانگا ہے کہ تاکہ کسی عدالت سے سٹے آرڈر جاری ہوا تو وہ چیک کرلیا جائے کیوں کہ سٹے کے دوران حلف لے کر توہین عدالت کے مرتکب نہیں ہونا چاہتے۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے کہاکہ قانونی معاملہ واضح ہونے کے بعدحلف کروادیاجائے گا۔ چوہدری نثار علی خان کی حلف برداری میں عدالتوں میں دائر 5 پٹیشنز رکاوٹ بن گئیں، پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے حلف نہ لینے کیلئے عدالتی پٹیشنز کو جواز بنایا، اگر پٹیشن میں چوہدری نثار کیخلاف اسٹے ہوا تو عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

تازہ ترین