• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PSPپاکستان کے تمام مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،مصطفیٰ کمال

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عوام جان چکی ہے کہ پی ایس پی ہی پاکستان کی واحد جماعت ہے جو پاکستان کے تمام مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، پاک سر زمین پارٹی گراس روٹ کی سیاسی جماعت ہے جو گلی اور محلے سے ابھری ہے، یہی وجہ ہے کہ صرف ہمیں ہی پاکستان کے مسائل اور ان کے قابل عمل حل کا بخوبی ادراک ہے۔ پی ایس پی رنگ، نسل، تعصب و نفرت کی سیاست سے باہر نکل کر لوگوں کو جوڑنے اور پاکستان میں بسنے والے مظلوم پاکستانیوں کے دل کی آواز ہے، پی ایس پی کے پاس ابھی تک کوئی سرکاری عہدہ نہیں ہے لیکن اس کے باوجود سابق وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ، وزراء اور مشیران کی سیاسی جماعتوں سے وابستہ عہدے داران اور کارکنان روزانہ کی بنیاد پر پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ پاکستان ہاؤس میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سو سے زائد کارکنان کی شمولیت کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 72 برسوں میں پاکستان کے حالات اتنے سنگین نہیں تھے جتنے آج ہیں، گورننس نا ہونے کے باعث لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں، مڈل کلاس غربت کی لکیر تک پہنچ گئی، کروڑوں افراد بھوک اور افلاس کی زد میں آچکے ہیں، مائیں اپنے بچوں سمیت خودکشیاں کر رہی ہیں، مہنگائی نے تمام پچھلے ریکارڈ توڑ دیئے، قوم گٹر ملا پانی پینے اور بجلی کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ اس صورتحال میں پاکستان نہیں چل سکتا۔ اگر پاکستان کو کوئی اس سنگین بحران سے نکال سکتا ہے تو وہ صرف پی ایس پی ہے کیونکہ پاک سر زمین پارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو پاکستان کے تمام مسائل کے قابل عمل حل پیش کر رہی ہے۔ یہ حل کتابی یا تھیوری پر مبنی نہیں بلکہ یہ تمام کام ہم عملی طور پر کرچکے ہیں ۔ اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی ، نیشنل کونسل کے اراکین اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے انچارج عبداللہ شیخ بھی موجود تھے۔

تازہ ترین