کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان آج تک کوئی وعدہ یا دعویٰ پورا نہیں کرسکے، حکومت نے فی کس آمدنی زیادہ دکھانے کے لیے پرانی مردم شماری کے اعداد و شمار استعمال کئے۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان مسلسل جھوٹ اور غلط بیانی سے معاشی تباہی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، عمران خان کی ایمان داری کا جھوٹا تاثر قائم کیا گیا، حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی اشرافیہ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے، ملک میں جب تک عمران خان جیسے تجربے ہوتے رہیں گے، پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک زرعی ملک کے صرف غذائی اجناس کے درآمدی بل میں 53 فیصد تک کا اضافہ حکومتی معاشی کارکردگی پر ایک طمانچہ ہے۔