کوئٹہ( این این آئی)بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے صدر رکن بلوچستان اسمبلی میر احمد نواز بلوچ نے بشیر چوک پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ کے پرامن ماحول کو ایک بار پھر سے سبوتاژ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جسکی مذمت کرتے ہیں ۔عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔انہوں نے کہا کہ سریاب کے گنجان آباد علاقے بشیر چوک پر دھماکہ قابل مذمت ہے واقعہ کی فوری تحقیقات کرائی جائیں۔درایں اثناء احمد نواز بلوچ نے سول اسپتال ٹراما سینٹر میں بشیر چوک دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹرز کو ہدایات کی کہ زخمیوں کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں ۔انہوں نے زخمیوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ سے متاثرہ تمام خاندان تنہا نہیں ہم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔